لاہور: (دنیا نیوز) ماڈل ٹاؤن میں سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کے گھر نامعلوم افراد کی فائرنگ، عابد باکسر اور ان کی فیملی محفوظ رہی، پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے گیٹ کو چھلنی کر دیا۔ فائرنگ کے باعث گھر میں کھڑی گاڑی اور دیواروں کو بھی نقصان ہوا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گولیوں کے خول اور شواہد اکٹھے کر لئے۔ پولیس نے تمام تر معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
سابق انسپکٹر عابد باکسر نے الزام لگایا کہ پولیس انسپکٹر راشد امین بٹ کے انڈر ورلڈ کے ساتھ تعلقات ہیں۔ راشد امین بٹ نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر میرے گھر پر فائرنگ کروائی۔ مجھے ایک عرصے سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ عابد باکسر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو درخواست دے چکا ہوں، پولیس قانونی کارروائی کرتے ہوئے انصاف فراہم کرے۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا مقدمہ درج مقدمہ عابد باکسر کی مدعیت میں علی میر، حمزہ میر، فیضان کنو سمیت دس نامعلوم کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ انسپکٹر راشد امین بٹ، اسد شاہ اور عبداللہ امیر کی ایما پر کی گئی۔ متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو میری ملت پارک تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں مخالفین سے صلح کا رنج ہے۔