کراچی: (دنیا نیوز) کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ڈکیتی واردات میں دو افراد کے قتل اور خواتین کیساتھ زیادتی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے 6 فروری کو بلڈر فاروق کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیاتھا۔ ملزمان نے صدر الیکٹرانک مارکیٹ کے رکن محمد امین کو بھی ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا۔ ملزمان نے 28 جنوری کو سرجانی ٹاؤن حسن بروہی گوٹھ گھر میں خاتون سے زیادتی اور لوٹ مار کی واردات کی تھی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 20 مقدمات درج تھے۔ ملزمان سے لوٹی ہوئی رقم اسلحہ، زیورات اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ ملزمان میں شیان عرف شانی، دانیال عرف چاند، جیمس عرف جمی، عمانویل عرف سورج اور شان شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیشی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔