کراچی: بینک میں ڈکیتی کے دوران ڈاکو درجنوں لاکرز لوٹ کر فرار، گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے

Published On 11 April,2021 01:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب بینک میں ڈکیتی کی واردات، مسلح ملزمان بینک کے درجنوں لاکرز لوٹ فرار ہو گئے۔ ڈاکو جاتے ہوئے گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے۔

کراچی میں ملزمان کی جانب سے بینک میں ڈکیتی کی وارداتیں جاری، رات گئے چار ملزما ن سخی حسن کے قریب بینک کے اندر داخل ہوئے۔ ملزمان نے سکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا اور ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ ملزمان اپنے ہمراہ گیس سلنڈرز اور کٹر مشین لائے تھے۔ بینک میں موجود تمام لاکر کو کاٹا گیا۔ ینک سے کتنا کیش لوٹا گیا اور کتنا نقصان ہوا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو حیدررضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بینک میں 260 لاکرز تھے 34 لاکرز توڑے گئے اور تین لاکرز خالی تھے۔ ملزمان نے مین اسٹوریج توڑنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ نجی سکیورٹی کمپنی کی گاڑی الارم بجنے پر بینک کے باہر آئی اور بغیر کارروائی چلی گئی۔ ملزمان بینک میں تعینات سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے۔
 

Advertisement