شور کوٹ: (دنیا نیوز) شادی سے انکار پر دولڑکیوں پر فائرنگ کر دی گئی جس کے باعث ایک موقع پر جاں بحق جبکہ دوسری شدید زخمی ہو گئی جسے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شورکوٹ سٹی کے علاقہ محلہ میدان والا میں شادی سے انکار پر دولڑکیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 20 سالہ سدرہ جاں بحق جبکہ 25 سالہ غلام رباب شدید زخمی ہو گئی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ٹیمیں اور تھانہ شورکوٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جاں بحق لڑکی کی لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آنیوالی دونوں لڑکیاں بہنیں ہیں جو نجی اکیڈمی میں پڑھانے کے بعد گھر جا رہی تھیں کہ محلہ میدان والا پہنچنے پر ذیشان نامی ملزم نے فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق لڑکیوں پر فائرنگ کرنے والا ذیشان نامی ملزم قریبی رشتہ دار ہے۔ ذیشان کو 20سالہ سدرہ سے رشتہ سے انکار پر رنج تھا۔ زخمی ہونیوالی 25سالہ غلام رباب کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔