درجنوں افراد کا قاتل عاطف لاہوریا ہنگری سے گرفتار، پنجاب پولیس کے حوالے

Published On 19 April,2021 04:23 pm

گوجرانوالا: (دنیا نیوز) 4 سال قبل ہنگری میں گرفتار ہونے والا پاکستان کا سب سے بڑا اشتہاری ملزم عاطف لاہوریا کو پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

سی پی او گوجرانوالہ سرفراز احمد فلکی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عاطف لاہوریا کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقہ علی پور چٹھہ سے ہے، ملزم کے خلاف قتل، ڈکیتی اور بھتہ خوری کے 13کے مقدمات ہیں، ملزم پولیس مقابلوں اور پولیس افسران پر حملوں میں ملوث تھا۔

سی پی او کے مطابق ملزم کا شمار پنجاب کے سب سے بڑے بھتہ خور گروپ میں ہوتا تھا، ملزم نے بھتہ نہ دینے پر علی پور چٹھہ میں کئی تاجروں کو قتل کروایا، ملزم 24 اکتوبر 2017 کو ہنگری سے گرفتار ہوا، ملزم کو واپس لانے کے لیے گوجرانوالہ پولیس 4 سال تک ہنگری سپریم کورٹ اور یورپی یونین انسانی حقوق کے ساتھ مقدمات لڑتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات لاہوری کو ہنگری سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب پولیس کے حوالے کیا گیا، ملزم قتل کے بعد 6 سال تک ہنگری، بوسینیا، مقدونیہ اور آسٹریا کے بارڈر کے قریب چھپتا رہا، پولیس نے ملزم عاطف لاہوریا کو بوسنیا اور ہنگری کے بارڈر سے گرفتار کیا تھا۔
 

Advertisement