کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سینٹرل پولیس آفس سندھ کے سامنے خود کو آگ لگانے والا پولیس افسر دوران علاج نجی ہسپتال میں چل بسا۔ متاثرہ پولیس اہلکار23اپریل سے معطل اور اس کیخلاف کرپشن سمیت مختلف انکوائریاں چل رہی تھی۔
گزشتہ روز کراچی آئی آئی چندریگر روڈ پر سی پی او کے سامنے خود کو آگ لگانے والا پولیس کا سب انسپکٹر مظفر علی چانڈیو دوران علاج انتقال کرگیا۔ مظفر علی چانڈیو ضلع میر پور خاص میں پولیس کے شعبہ ٹیلی کمیونیکیشن میں تعینات جبکہ کراچی گلشن حدید کا رہائشی اور23اپریل سے معطل تھا۔
چند روز قبل اسکی سرکاری گاڑی سے حادثے میں ایک شخص کی جان گئی تھی۔۔گاڑی مظفر علی کا بیٹا چلا رہا تھا۔۔حادثے سمیت کرپشن کے حوالے سے مظفر کیخلاف انکوائری چل رہی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران علاج اپنے بیان میں مظفر علی چانڈیو نے بتایا کہ اس کیخلاف انکوائری کے حوالے سے چار اہلکار اسے تنگ کر رہے تھےجس کے باعث اس نے انتہائی قدام اٹھایا۔۔واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔