لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد اور پھندا دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو حراست میں لے لیا۔
26 سالہ لاء گریجوایٹ مائرہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مائرہ کے چہرے اور گلے پر دو فائر کئے گئے۔ مائرہ کی گردن سمیت دونوں بازوؤں اور ہاتھوں پر بھی خراشیں آئیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے دانت بھی ٹوٹے ہوئے ہیں جبکہ بال کھینچے جانے سے سر پر بھی سوجن پائی گئی۔ مائرہ کے کپڑوں سے سر کے ٹوٹے ہوئے بال بھی ملے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقتولہ سے زیادتی کےشواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب پولیس نے مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو حراست میں لے لیا ہے۔ سعد بٹ کو سی آئی اے کینٹ پولیس نے حراست میں لیا۔ پولیس ذرائع کےمطابق سعد نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی۔