لاہور: (لاہور نیوز) ٹریفک وارڈنز کے رویے نہ بدل سکے۔ شدید گرمی میں ٹریفک وارڈنز کا پارہ ہائی ہو گیا۔ شمالی چھاؤنی کے علاقے میں وارڈن اکرم کی بہن بھائی سے ہاتھا پائی، واقعے کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔
لائسنس ایکسپائر ہونے پر وارڈن نے لڑکی سے موبائل چھینا جس پر جھگڑا ہو گیا۔ بہن بھائی ٹریفک وارڈن سے موبائل فون لینے تھانہ شمالی چھاؤنی پہنچے۔ تھانے میں موجود وارڈن اکرم نے دونوں کو دھکے دیئے اور گالم گلوچ کی۔
تھانہ شمالی چھاؤنی میں وارڈن کی شہریوں سے ہاتھا پائی کے معاملے پر ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس پی کینٹ کو واقعے کی انکوائری کی ہدایت کر دی۔
ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے کہا کہ قصور وار پائے جانے پر اہلکار کے خلاف کارروائی ہو گی۔ تھانوں میں شہریوں کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ برداشت نہیں۔
سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے لاہور نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اور سی سی پی او نے انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔ واقعہ 25 مئی کو پیش آیا۔ فوٹیج میں نظر آنے والے شخص نے ہیلمٹ، ماسک نہیں پہنا تھا۔ نوجوان کی بہن نے بحث کرنا شروع کر دی۔ ان کے پاس کاغذات موجود نہیں تھے۔ شہریوں کو چاہیے روکے جانے پر تعاون کریں۔