لاہور: (دنیا نیوز) لادی گینگ کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، گینگ کا ایک سہولت کار اور سرغنہ خدا بخش چاکرانی کا دادا گرفتار کر لیا گیا۔
ڈیرہ غازیخان میں خوف کی علامت لادی گینگ کے خلاف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں لگ بھگ 200 گاڑیاں اور 700 سے زیادہ اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آج صبح فورسز کے جوانوں نے پانچ مختلف ٹیموں کی شکل میں لادی گینگ کے ٹھکانوں کی طرف پیشقدمی شروع کی۔
اس دوران خدا بخش چاکرانی کا گھر مسمار کرکے اس کے دادا اللہ بخش کو گرفتار کرلیا، اسکے علاوہ سخی سرور کے قبائلی علاقہ سے بلال نامی ایک شخص کو لادی گینگ کا سہولت کار ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا جا چکا ہے۔
قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران دو مشکوک پہاڑی غار دھماکے سے اڑا دئیے جبکہ تاحال لادی گینگ کے کسی رکن کی ہلاکت یا گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی، اطلاعات کے مطابق خدا بخش چاکرانی ساتھیوں سمیت علاقہ سے فرار ہوگیا ہے۔