کراچی: (دنیا نیوز) نیو کراچی میں سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے بھتہ خوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، کشمور میں گڈو چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران 3 نان کسٹم پیڈگاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر نیو کراچی کے علاقے میں کارروائی کرکے بھتہ خوری میں ملوث گروہ کے انتہائی مطلوب ملزم زبیر احمد عرف تاج محمد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے 17مئی 2021 کو نیو کراچی کے علاقے میں تاجر کو 5 لاکھ روپے بھتہ کی کال کی، بھتہ نہ دینے کی صورت میں اس کے بیٹے کو اغوا کرنے اور تاجر کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
دوسری جانب کسٹم اور سندھ رینجرز کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مشترکہ کارروائی کی گئی، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کشمور میں سندھ اور بلوچستان کے بارڈر پر واقع گڈو چیک پوسٹ پر چیکنگ کے دوران 3 نان کسٹم پیڈگاڑیاں ضبط کر لی گئیں، ضبط شدہ گاڑیاں مزید قانونی کاروائی کیلئے کسٹم حکام کے حوالے کردی گئیں۔