لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پتنگ بازی کا سلسلہ نہ رک سکا، پتنگ کی ڈور نے ایک اور معصوم بچے کی جان لے لی، ساڑھے 3 سالہ بچہ گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔
والد اویس کے مطابق ساڑھے 3 سالہ خضر اپنی نانی کے گھر سے واپس آ رہا تھا کہ اس دوران اسکے گلے میں ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ معصوم بچے خضر کو پہلے نوازشریف ہسپتال پھر میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے موت کی تصدیق کر دی۔ ساڑھے تین سالہ خضر میو ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا تھا۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کر دیا۔ ڈی آئی جی نے ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی علی اختر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈور پھرنے کے واقعات ہرگز قابلِ برداشت نہیں۔ غفلت کے مرتکب پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔