لاہور: (دنیا نیوز) شاہدرہ کے علاقے میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس اہلکار کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں اکیس سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچوں کے جھگڑے پر کانسٹیبل وسیم نے محلہ داروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس سے 21 سالہ نوجوان زین جان سے گیا۔
اس واقعے میں تین زخمی افراد ہیں جن کے نام امجد، محب اللہ اور عاطف بتائے جا رہے ہیں۔
ملزم کانسٹیبل وسیم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ملزم کانسٹیبل پولیس ریسپانڈ یونٹ میں ڈرائیور ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ دوسری جانب حاضر سروس کانسٹیبل کی فائرنگ کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔