لاہور کو جعلی دودھ سپلائی کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی، 1800 لٹر تلف

Published On 16 June,2021 01:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کو جعلی دودھ سپلائی کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ملتان روڈ پر چھاپہ مارا گیا جس کے دوران جعلی دودھ تیار کرنیوالا پروڈکشن یونٹ پکڑا گیا، 1800 لٹر جعلی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔

لاہور کو جعلی دودھ سپلائی کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ جعلی دودھ کی تیاری کے لیے موجود 720 کلو کوکنگ آئل، 125 کلو سکمڈ ملک پاؤڈر بھی تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سپلائی کیلئے تیارجعلی دودھ سے بھرا جی ایل ٹی 1242 ٹینکر بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ ناقص اجزاء سے جعلی دودھ تیار کرنے والے مالکان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ سکمڈ ملک پاؤڈر، آئل، پانی اور کھلے رنگوں کو مکسنک مشین میں ڈال کر جعلی دودھ تیار کیا جا رہا تھا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مضر صحت اجزاء کے استعمال سے جعلی دودھ کا ذائقہ، رنگت اور گاڑھا پن اصل دودھ جیسا کیا جاتا تھا۔ خصوصی ٹیم نے رات گئے ریکی کر کے جعلی یونٹ کا سراغ لگایا۔ موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبز شہر میں آنیوالے دودھ کو چیک کرتی ہیں۔ سخت مانیٹرنگ اور چیکنگ کی مدد سے دودھ میں ملاوٹ کو مشکل بنا رہے ہیں۔
 

Advertisement