گوجرانوالا: (دنیا نیوز) پولیس نے ایک روز قبل زیادتی کے بعد قتل ہونے والی طالبہ کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ محلہ محمد پورہ کے ضیا اللہ کی بیٹی گورنمنٹ پرائمری گرلزسکول گئی لیکن گھر سکول سے واپس نہ آئی، جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کر کے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بچی کا گلہ دبا کر اسے قتل کر دیا اور لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے ۔
دوسری طرف پولیس نے ایک روز قبل زیادتی کے بعد قتل ہونے والی معصوم طالبہ کے ملزم علی حسن کو بر وقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں کمسن طالبہ کے قاتل کی 24 گھنٹوں کے اندر گرفتاری کمیونٹی پولیسنگ کا منہ بولتا ثبوت ہے، آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ عوام کی جانب سے بھرپور تعاون اور اعتماد پر انکا شکریہ ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ خود قلعہ دیدار سنگھ جا کر غمزدہ فیملی، شہریوں اور میڈیا نمائندگان سے ملاقات کریں۔ زینب زیادتی کیس اور موٹروے زیادتی کیس کی طرح اس کیس کے ملزم کو بھی قرار واقعی سزا دلوانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔
انعام غنی کا کہنا تھا کہ اس اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری پر گوجرانوالہ پولیس کے افسران و اہلکاروں شاباش کے مستحق ہیں۔ پنجاب پولیس سٹیزن سنٹرک پولیسنگ کی طرز پر عوام کی جان و مال کی حفاظت اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔