کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران قتل اور بھتہ خوری میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری سے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کیے گئے، ملزمان نے6 اپریل کو لیاری کھڈا مارکیٹ میں بھتہ نہ دینے پر ہوٹل پرفائرنگ کی تھی جس میں ہوٹل مالک کا بیٹا اور ایک شہری جاں بحق ہوا تھا جس کا مقدمہ کلری تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
ملزم سروربلوچ نے اعتراف کیا کہ وہ 2009 سے 2013 تک لیاری گینگ وار سے منسلک رہا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم بھتہ خوری، منشیات فروشی اور گینگ وار کے مسلح مقابلوں میں شامل رہا، 2013 میں کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی ملزم اندرونِ سندھ فرار ہو گیا تھا، گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔