لاہور: جناح ہسپتال کا وارڈ بوائے سرجن بن گیا

Published On 29 June,2021 05:45 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) صوبائی دارالحکومت کے سرکاری تدریسی ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز میں لفٹ آپریٹرز، سکیورٹی گارڈ اور وارڈ بوائے سرجن بن گئے۔ روزنامہ دنیا دنیا نے جناح ہسپتال لاہور کی ایمرجنسی کے مائنر آپریشن تھیٹر میں وارڈ بوائے کے سرجری کرنے کی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔

اس فوٹیج میں واضح طور پر وارڈ بوائے کو ایک مریض کے ہاتھوں سے سریا نکالتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جناح ہسپتال میں مارننگ شفٹ میں اصغر ناز اور مظفر نامی وارڈ بوائے سرجری کرتے ہیں اور ایوننگ میں مولوی اعجاز نامی شخص آپریشن کرتا ہے جس کی فوٹیج جاری ہو چکی ہے۔

نائٹ شفٹ میں مائنر آپریشن تھیٹر میں اسماعیل نامی لفٹ آپریٹر اور حیدر نامی وارڈ بوائے ہر آنے والے مریضوں کی سرجری کرتے نظر آتے ہیں۔

جاری ویڈیو میں واضح دیکھا گیا ہے کہ وارڈ بوائے مولوی اعجاز ایک مریض کے ہاتھ سے سریا نکالنے کی سرجری کر رہا ہے اور اس کے اردگرد کوئی جونیئر ڈاکٹر تک موجود نہیں ہے۔

ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کے مائنر آپریشن تھیٹر میں ہمارے سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز ہر وقت موجود رہتے ہیں، اس کے باوجود اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔
 

Advertisement