فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے قتل کر دیا گیا۔ 16 سالہ گھریلو ملازمہ کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد لاش پنکھے سے لٹکا دی گئی۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔
جڑانوالہ کی رہائشی 16 سالہ سویرہ کو فیصل آباد میں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے ایوب کالونی میں واقع شیخ سلمان نامی شہری کے گھر پر گھریلو ملازمہ کے طور پر 8 ماہ قبل اس کے والدین کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ گزشتہ رات گھر کے مالکان کی جانب سے مقتولہ کے والدین کو اسکی بیماری سے متعلق فون کر کے آگاہ کیا گیا لیکن جب والدین اس سے ملنے آئے تو گھر سے 16 سالہ گھریلو ملازمہ سویرہ کی پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی۔
مقتولہ کے ورثاء کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی مالکان کی جانب سے سویرہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، منع کرنے کے باوجود بھی یہ سلسلہ جاری رہا۔ جبکہ گزشتہ رات مالکان کی جانب سے اسے مبینہ طور پر تشدد کرتے ہوئے قتل کرنے کے بعد اسکی لاش پنکھے سے لٹکا کر خودکشی کا روپ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد حقائق سامنے آسکیں گے۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق ہی قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔