اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ میں 2 بھائیوں پانچ سالہ علی احمد اور گیارہ سالہ طحٰہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں دونوں بھائیوں سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے، دونوں کی لاشیں نہر سے ملی تھیں۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ روز اوکاڑہ کے رحمان کالونی سے اغوا کے بعد قتل ہونے دونوں بھائیوں کی لاشوں کو ریسکیو 1122 نے 36 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد نہر سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا تھا جہاں دونوں بھائیوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دونوں بھائیوں سے قتل سے قبل زیادتی ہونا بھی ثابت ہوا ہے۔ اے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز شاہ کے مطابق یہ کنفرم ہو گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے ساتھ بدفعلی کا عمل کیا گیا، مگر کتنے افراد نے کیا؟ یہ ابھی تعین ہونا باقی ہے۔
اوکاڑہ پولیس کی بروقت کارروائی ،سفاک ملزمان گرفتار
— DPO Okara (@okarapolice) July 3, 2021
رحمان کالونی میں المناک واقعہ معمولی رنجش پر دو کمسن بھائیوں کو اغوا کے بعد قتل کر کے نہر میں پھینکنے والے ملزمان کو پولیس نے بروقت گرفتار کر لیا ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم@MashwaniAzhar pic.twitter.com/lAg8YfG59k
پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں بھائیوں کی میتوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ میتیں گھر پہنچنے پر پورے محلے میں کحرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ شام پانچ بجے دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
دوسری طرف پولیس حراست میں ملزمان نعمان اور تنویر نے دونوں بھائیوں کو ناصرف قتل کرنے بلکہ ان کے ساتھ زیادتی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے اپنے ایک تیسرے ساتھی عبدالغفار کے ساتھ ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ پولیس ملزمان کے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔