گجر اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خاتمے کیلَئے کارروائی جاری

Published On 23 August,2021 03:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات پر گجر اور اورنگی نالے پر تجاوزات کے خاتمے کیلَئے کاروائی جاری ہے، ناظم آباد چار نمبر میں عدالتی حکم امتناعی کے باوجود معتدد مکانات کے حصے مارکنگ کے تحت مسمار کر دئیے گئے، کے ایم سی حکام کے مطابق آئندہ چند روز میں گجر اور اورنگی نالے سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرکے کلیر کردیا جائے گا۔

کے ایم سی حکام کی جانب سے ناظم آباد چار نمبر میں ہیوی مشینری اور افرادی قوت کے ذریعے گجر نالے کے اطراف کی گئی مارکنگ کے تحت تجاوزات مسمار کی گئیں۔ کارروائی کے دوران لوئرکورٹ اور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرنے والے مکانات بھی مسمار کئے گئے۔ کے ایم سی حکام کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

گجر نالے کے دونوں اطراف چھبیس کلو میٹر میں سے ساڑھے پچیس کلومیٹر رقبہ کلیئر کردیا گیا ہے۔ بچے کھچے چند مکانات آئندہ چند روز میں مسمار کرکے ترقیاتی کام تیزی سے کئے جائینگے جبکہ اورنگی نالے کے دونوں اطراف تقریبا تئیس کلو میٹر رقبہ کلیر کرالیا گیا ہے ۔ رہ جانے والی سات فیکٹریز بھی چند دنوں میں مسمار کردی جائیں گی۔ حکام کے مطابق حکومتی پالیسی کے تحت متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی بھی کی جارہی ہے۔ 

Advertisement