لاہور: (دنیا نیوز) چوہنگ کے علاقے میں ماں بیٹی سے رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی کی مبینہ اجتماعی زیادتی، پولیس نے دونوں ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ خاتون اور اس کی بیٹی کا میڈیکل بھی کروا لیا گیا۔
شہر میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑھ گئے۔ وہاڑی سے آنے والی ماں بیٹی ٹھوکر بائی پاس سے رکشے پر سوار ہوئیں، رکشہ ڈرائیور ماں بیٹی کو کینٹ کے بجائے ایل ڈی اے ایونیو ون لے گیا۔
دونوں ملزموں نے سنسان جگہ پر ماں بیٹی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ کارسوار کے رکنے پر دونوں ملزم رکشہ چھوڑ کر فرار ہوگئے، کار سوار کی اطلاع پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان عمر فاروق اور منصب کو حراست میں لے لیا۔ تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کر کے اجتماعی زیادتی، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔
ادھر متاثرہ خواتین کا جناح ہسپتال میڈیکل بھی کروالیا گیا۔ فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلئے، بس سٹینڈ انتظامیہ اور سکیورٹی گارڈ کے بیانات بھی قلمبند کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
عمر فاروق کے خلاف اس سے قبل بھی زیادتی کے 2 مقدمات درج ہیں۔ ایک مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن لاہور اور دوسرا تھانہ حویلی اوکاڑہ میں درج ہے۔ ملزم عمر فاروق زیادتی کیس میں جیل بھی کاٹ چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ماں بیٹی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ملزموں کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔