لاہور: (روزنامہ دنیا) موٹر سائیکل رکشہ میں سوار خواتین کو ہراساں کرنے والا اوباش نوجوان گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یوم آزادی پر ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ملزم طارق کا خاکہ جاری کیا گیا تھا۔
گلشن راوی پولیس کے مطابق ملزم طارق خان موٹرسائیکل پر رکشہ سوار خواتین کا پیچھا کرتا رہا۔ ملزم طارق کی یوم آزادی کے موقع پر رکشہ میں سفر کرنیوالی خواتین کیساتھ نازیبا حرکات کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔
واقعہ کے بعد متعلقہ حکام نے رکشہ میں سوار لڑکی سے نازیبا حرکات کرنیوالے ملزم کا خاکہ جاری کیا تھا اور ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تیار کردہ خاکہ شہر کے تھانوں میں بھیج دیا گیا تھا۔
ثبوت ملنے پر گلشن راوی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔