بارکھان:پسند کی شادی پر دو قبائل میں خونریزی،5افراد جاں بحق

بارکھان:پسند کی شادی پر دو قبائل میں خونریزی،5افراد جاں بحق

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکنی میں کھتران قوم کی لڑکی اور لڑکے کا بھاگ کر شادی کرنا اور پنجاب کے لغاری قبیلے کے ایک شخص کا جوڑے کو پناہ دینا دو قبائل میں خونریزی کا سبب بن گیا۔

لڑکی اور لڑکے کی پسند کی شادی کی وجہ سے ہونے والے خونریز جھگڑے میں اب تک پانچ افراد جان سے جاچکے ہیں جبکہ مزید خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکنی کی رہائشی ایک کھتران لڑکی نے اپنے ہی قبیلے کے ایک لڑکے کے ساتھ گھر سے بھاگ کر شادی کرلی ۔دونوں پنجاب کے علاقہ بواٹہ میں لغاری قبیلے کے ایک فرد کے خلاف پناہ گزین ہوئے ۔

اس معاملے پر لغاری اور کھتران قبیلے میں تصادم کے نتیجے میں تین افراد جان بحق ہوئے جبکہ قاتلوں کی عدم گرفتاری پر گزشتہ روز لغاری قبیلے نے بلوچستان ،پنجاب بارڈر پر بین الصوبائی شاہراہ کو بلاک کرکے احتجاج کیا ۔

ذرائع کے مطابق احتجاج ختم ہونے کے بعد پھر صورت حال بگڑ گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک زخمی بعد ازاں جاں بحق ہوگیا ۔

اس تمام واقعے کا مقدمہ رکنی پولیس نے ایس ایچ او تھانہ بواٹہ نصراللہ لغاری سمیت متعدد افراد کے خلاف درج کرلیا ،مقدمہ میں قتل اور دہشت گردی سمیت کئی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ اس مقدمہ کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا اندیشہ ہے۔