کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ایم کیوایم کے عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو مقدمے سے بری کردیا۔
جسٹس کے کے آغا اور جسٹس ارشاد علی شاہ پر مشتمل بینچ نے 2 پولیس اہلکاروں کے قتل کے جرم میں سزا کیخلاف اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔ پراسیکیوشن ملزمان کی سزا برقرار رکھنے کے لیے ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو بری کردیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزمان کیخلاف مزید کیس نہیں ہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے ملزمان کو 2 ، 2 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 2000ء میں ایم اے جناح روڈ پر پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا تھا۔ شہید ہونے والے کراچی آپریشن کے 2 پولیس افسر ریحان اور نثار شامل تھے۔
دونوں پولیس افسران کو امام بارگاہ علی رضا کے سامنے فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا۔ ملزمان کیخلاف انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں دیگر مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ملزمان عبید کے ٹو اور نادر شاہ کو ایم کیو ایم مرکز 90 اسلحہ کیس میں سزا ہوچکی ہے۔