لاہور: (دنیا نیوز) نواب ٹاؤن میں دو گھنٹے سے زائد اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔
پولیس میں سفارشی کلچر نے شہریوں کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا، نواب ٹاؤن کے علاقے میں دو گھنٹے سے زائد اندھا دھند فائرنگ نے پولیس کی ناقص کارکردگی کی قلعی کھول دی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا لیکن مرکزی ملزمان گرفتار نہ کر سکی۔
نواب ٹاؤن میں 2گروپوں کی دو گھنٹے سے زائد اندھا دھند فائرنگ کے دوران علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا لیکن نہ تو پولیس پہنچی اور نہ ہی انہیں فائرنگ کی آواز سنائی دی۔2 گھنٹے بعد پولیس موقع پر پہنچی تو فرضی کارروائی کرتے ہوئے 12مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ د کھاوے کے لئے چھاپے بھی مارے گئے۔
فائرنگ نادر خان اور بابر خان گروپوں کے درمیان ہوئی، پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ کرلیا اور متن میں لکھا کہ 55 خالی خول برآمد کئے جبکہ ملزمان پولیس کو دیکھ کر فرار ہوگئے۔ مقدمے میں 6نامزد اور 6نامعلوم افراد شامل کئے گئے ہیں، ایف آئی آر میں دہشت گردی سمیت مختلف دفعات لگائی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی چوہنگ اور ایس ایچ او نواب ٹاؤن کو معطل کر دیا۔ انہوں نے تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا۔