لاہور: (روزنامہ دنیا) انسپکٹر جنرل پولیس سردار علی خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں شاہرات پر ٹریفک کے ہموار بہاو اور حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری پر سختی سے عمل کروایا جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی جی نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے زیر انتظام اضلاع میں ٹریفک میجنجمنٹ کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے سپیشل پلان تشکیل دیں۔
دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب بھر میں رواں برس ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 74 لاکھ سے زائد چالان کئے گئے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ماحولیاتی آلودگی پھیلانے پر 3 لاکھ 80 ہزار 490 وہیکلز کو بند کیا گیا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 24 ہزار 670 ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔