حب: (دنیا نیوز) اے این ایف انٹیلی جنس کی اے این ایف بلوچستان کے ہمراہ حب میں کارروائی کے دوران ٹرک سے 186 کلو منشیات برآمد کر لی گئیں۔
اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف بلوچستان نے آر سی ڈی روڈ پر واقع وندر چیک پوسٹ کے قریب دورانِ تلاشی ٹرک سے 1200 گرام چرس کے 155 پیکٹ برآمد کر لئے۔ ٹرک سے مجموعی طور پر 186 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ چرس ٹرک میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔
دورانِ کارروائی قلعہ عبداللہ کے رہائشی عبداللطیف، ادریس خان اور چمن کے رہائشی عبدالظاہر نامی تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کوئٹہ سے کراچی سمگل کی جا رہی تھیں۔ تینوں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔