ملتان: (دنیا نیوز) جنوبی پنجاب میں حوا کی بیٹی پر ظلم و ستم جاری ہیں، رواں سال تاحال تین خواتین تیزاب گردی کا شکار ہو چکی ہیں، گیارہ خواتین کو جھلسانے کے واقعات رونما ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں سات خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں، 9 خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ملتان میں مختلف مقامات پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات جاری ہیں لیکن اس کے برعکس جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے رواں سال اب تک تین خواتین تیزاب گردی کا شکار ہو چکی ہیں جبکہ گیارہ خواتین کو جھلسانے کے واقعات رونما ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں سات خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں تاہم 9 خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
سماجی تنظیم کی رہنما نیلوفر بختیار کا موقف ہے کہ خواتین کی اکثریت اپنے حقوق کے حوالے سے اگاہ نہیں جس کی وجہ سے مسائل آرہے ہیں، اسی لیے خواتین کو اگاہی دینے کیلئے کاوشیں شروع کر دی ہیں۔
خاندانی مسائل اور پنچایتی سسٹم کیساتھ اداروں میں خواتین کیساتھ رویہ بھی متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے جس کی وجہ سے خواتین پر تشدد کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔