کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے صدر میں 22 مارچ کو قتل ہونے والے سابق پولیس افسر اور ان کے ساتھی کو قتل کرنے والے ایک ملزم کو پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
کراچی میں پاکستان رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرنل نصر من اللہ نے بتایا کہ ملزم عالم بلوچ کو سی سی ٹی وی اور انٹلیجنس رپورٹ کے بعد گرفتار کیا ہے، دوران تفتیش ملزم نے اقرار کیا کہ اس نے اپنے والد ارشد پپو کا بدلہ لیا ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزم عام موٹر سائیکل چلا رہا تھا، اس سے قبل سولجر بازار میں ارشد پپو قتل کیس میں نامزد دو افراد کے قتل میں ملوث ملزمان کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں افسران کا کہنا تھا کہ یہ خاندانی دشمنی کا واقعہ ہے جبکہ شہر میں امن و امان کے حوالے سے پولیس کی پیٹرولنگ بڑھا دی ہے۔