کراچی:( لیاقت علی رانا) سندھ ہائیکورٹ نے مردہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم چند گھنٹے بعد ہی معطل کرتے ہوئے فریقین کو 18 اپریل کیلٸے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہاٸیکورٹ کے جسٹس آفتاب احمد گورڑ پر مشتمل سنگل بینچ نے مردہ افراد کے خلاف ایف آئی درج کرنے کا حکم معطل کیا۔
مرحوم محمد یامین کے بیٹے اور مقدمے کے فریق عمران یامین نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہاٸیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواستگزار کے وکیل جاوید چھتاری نےسندھ ہاٸیکورٹ کے روبرو موقف اپنایا کہ ٹراٸل کورٹ نے غیر قانونی فیصلہ دیا ہے۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹس پیش کرنے کے باوجود مرحومین کےخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم مرحومین کی توہین ہے، عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاٸے۔
واضح رہے کہ آج صبح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ایسٹ غلام مصطفیٰ لغاری نے 40 سال پہلے مرنے والے محمد سلیمان اور 12 سال پہلے مرنے والے محمد یامین کے خلاف پلاٹ پر قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔