کراچی : (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کارروائی ، منشیات کی کراچی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ نئے سال کی تقریبات کے سلسلے میں ہونیوالی پارٹیوں کے لیے مخصوص منشیات راولپنڈی سے بس کے ذریعے کراچی اسمگل کی جا رہی ہے، جس پر ڈائیوو بس ٹرمینل راولپنڈی پر مسلسل نگرانی شروع کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بس ٹرمینل سے ایک مشتبہ شخص اور خاتون مسافر کو زیر حراست لیا گیا ہے، راولپنڈی سے کراچی جانیوالی بس کی جب تلاشی لی گئی تو خاتون مسافر کے بیگ سے لاکھوں روپے مالیت کی 4 کلو 368 گرام وِیڈ ضبط کی گئی، برآمد شدہ منشیات کھانے کی پیکنگ کے پلاسٹک کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم راولپنڈی اور اسلام آباد میں پارٹی ڈرگز کی تقسیم میں ملوث گروہ کا اہم رکن اور آرگنائزر ہے، جبکہ ان کے پاس اطلاعا ت بھی ہیں کہ یہ منشیات کراچی کے کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبہ کو بھی سپلائی کی جاتی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔