کرک: (دنیا نیوز) انسانیت شرما گئی، نامعلوم افراد نے 3 سالہ بچے کو ذبح کرکے مسجد کے نزدیک پانی کی ٹینکی میں پھینک دیا۔
واقعہ تحصیل تخت نصرتی کے علاقہ منصوری کلہ یونین کونسل میانکی میں پیش آیا جس پر اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں۔
مقتول کی شناخت اوکاش ولد بصیر خان سکنہ منصوری کلہ کے نام سے ہوئی ہے، ورثاء کی جانب سے انصاف کے حصول تک میت دفن نہ کرنے اور سخت گیر احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے۔
یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے، ایسا ہی ایک واقعہ اسی مقام پر گزشتہ سوموار کو بھی پیش آیا تھا جس میں محمد ایان ولد محمد فاروق نامی 3 سالہ بچے کو شدید زخمی کیا گیا تھا، محمد ایان کی حالت تشویش ناک ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس تاحال ملزمان کا پتا نہیں لگا سکی، ملزمان کو گرفتار کیا جائے ورنہ احتجاج کیا جائے گا، ملزمان کی عدم گرفتاری کی صورت میں میت کو دفن نہیں کریں۔
پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ یعقوب خان شہید تخت نصرتی میں درج کر لی ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔