گجرات : ( دنیا نیوز ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) گجرات نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
خیال رہے کہ محکمہ خارجہ پاکستان کے مطابق گزشتہ دنوں اٹلی کے بعد لیبیا میں بھی کشتی ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 3 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
ایف آئی اے گجرات نے لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان منیب الرحمان کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے نامزد 6 ملزمان میں سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے غلام سرور وڑائچ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں راجا راحیل اور سفیان شامل ہیں جبکہ ملزمان کو گجرات، کوٹلہ ارب علی خان سے گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقدمے میں نامزد دو انسانی سمگلرز حمزہ اور آفاق لیبیا میں مقیم ہیں۔