کراچی : (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہوئی ہے جہاں نامعلوم ملزمان شہری سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کر فرارہوگئے ۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نامعلوم ملزمان نے بلڈر سے گاڑی سمیت 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی رقم چھین لی ، واقعے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں متاثرہ بلڈر راحیل کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بلڈر کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب میں اپنے دفتر سے گاڑی میں رقم لے کر نکلا تھا کہ ناہید سپر سٹور کے قریب ایک کار میری گاڑی کے آگے آگئی ، کار میں دو ملزمان موجود تھے جبکہ دو ملزمان الگ الگ موٹر سائیکل پر سوار تھے، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مجھے اور میرے ڈرائیور کو گاڑی سے اتارا اور رقم سمیت گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں ،جبکہ جائے وقوعہ کے اطراف سے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔