کراچی : بن قاسم ٹاؤن میں 3 روز سے لاپتہ بچی کی لاش مل گئی، ورثا کا احتجاج

Published On 02 March,2023 02:41 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں لاپتہ ہونے والی چھ سالہ بچی کی لاش تین روز بعد علاقے کے نالے سے مل گئی، لواحقین نے واقعے کے خلاف اسٹیل ٹاؤن موڑ پر احتجاج کرکے نیشنل ہائی وے کو تین گھنٹوں تک ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

کراچی کے علاقے ملیر بن قاسم ٹاؤن سے 6 سال کی بچی فریحہ تین روز سے لاپتا تھی، بچی کی لاش گزشتہ روز بن قاسم ٹاؤن کے مین نالے سے ملی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچی کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا ہے ، ڈاکٹروں کے مطابق بچی کے جسم کے مختلف اعضاء سے نمونے لے کر انہیں جانچ کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے۔

دوسری جانب واقعہ کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ کی جانب سے اسٹیل ٹاؤن موڑ پر احتجاج کیا گیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے باعث ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا تاہم پولیس کی جانب سے ملزمان کو چوبیس گھنٹوں میں گرفتار کیے جانے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے تین گھنٹے سے جاری احتجاج کو ختم کرکے ہائی وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔