کالعدم تنظیم کی ماہل بلوچ کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتارکرلیاگیا :ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان

Published On 22 March,2023 12:31 pm

کوئٹہ : (دنیانیوز ) ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم کی ماہل بلوچ کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔

ترجمان وزیراعلی ٰ بلوچستان بابر یوسفزئی  اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ  آج کی پریس کانفرنس میں قوم کو بتانا ہے کہ دشمن کس طرح ہمارے معصوم عوام کو ورغلا کر استعمال کرتے ہیں، پریس کانفرنس کے دوران خودکش جیکٹ کے ہمراہ گرفتار ماہل بلوچ کا اعترافی ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا ۔

ترجمان نے بتایا کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے ماہل بلوچ کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیا، ثروت گل نامی دہشت گرد نے خودکش جیکٹ ماہل بلوچ کودی، ماہل بلوچ نے تفتیش کے دوران بہت سے انکشافات کئے ہیں ۔

بابر یوسفزئی نے کہا کہ ماہل بلوچ کے ساتھ اس کے قریبی عزیز یوسف بلوچ کو بھی گرفتار کیا گیاہے ، ماہل بلوچ کودیگر ذرائع سے فنڈنگ کی جارہی تھی،  کالعدم تنظیم نے ماہل بلوچ کی گرفتاری کے بعد اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اس میں جو گروہ ملوث ہیں ہم ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں لگے ہوئے ہیں، دہشتگرد عناصر اب خواتین اور بچوں کو ڈھال بنارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہل بلوچ پر دوران تفتیش کسی قسم کا تشدد یا ٹارچر نہیں کیا گیا، لاپتہ افراد کے نام پر سڑکیں بلاک کرنے والوں کی اصلیت منظر عام پر آگئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے ،ادارے اپنا کام کررہے ہیں، ہماری سکیورٹی فورسز ان تمام عناصر کو ناکام بناتی رہیں گی۔


 

Advertisement