سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی ، لاہور سمیت دیگراضلاع سے 8 دہشتگرد گرفتار

Published On 08 April,2023 09:28 am

لاہور : (دنیانیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگرد گرفتارکرلیے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد ، ہینڈ گرینیڈ ، لٹریچر برآمد کیا گیا ہے ، ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے اختر نواز اور داعش کے محمد عثمان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ سے چار اور ڈی جی خان اور بہاولپور سے ایک ایک دہشت گرد گرفتار کیے گئے ، جن میں فواد اللہ ، فقیر محمد ، آصف نواز ، ضیا الرحمان ، عتیق احمد اور بشیر شامل ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جن کے خلاف چھ ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 

ان دہشت گردوں کو 21 کومبنگ آپریشنز کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران گرفتار کیا گیا ۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے پنجاب بھر میں رواں ہفتے 402 کومبنگ آپریشن کیے،  ان کومبنگ آپریشن کے دوران 22921 مشتبہ افراد کو چیک کر کے 118 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے اور ان  کے خلاف 89 مقدمات کا اندراج کیا گیا۔