کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے جمشید کوارٹرز میں رینجرز اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کے دوران اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرزاورایس آئی یو نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم حسان رضا کو گرفتار کیا ہے جس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے بلڈر کو مختلف نمبروں سے کال کر کے بھتے کا مطالبہ کیا تھا اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں بلڈر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کو بھتہ وصولی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی انس آفتاب فرار ہو گیا ہے ، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔