خیبر میں پولیس چوکی پر فائرنگ ، پولیس کانسٹیبل شہید

Published On 08 May,2023 11:34 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیس چوکی پرفائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل نسیم خان شہید ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق خیبر باڑہ سپاہ میں پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگئے ۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان موقع سےفرار ہوگئے ، پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان شہید کے ورثا سے ملے اور محکمہ پولیس کے لیے شہید کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین کو ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے شہید کی محکمہ پولیس کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے شکنجے میں لاکر کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گئے۔

 شہید پولیس اہلکار نسیم خان کی نماز جنازہ شاکس پولیس لائن خیبر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔

 

خیال رہے کہ ملک بھر خاص طور پر خیبرپختونخوا میں گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔