رحیم یار خان: (دنیا نیوز) کچہ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کو بڑی کامیابی مل گئی سنگین جرائم اور پولیس پر فائرنگ کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے والا نیٹ ورک توڑ دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کچہ آپریشن کے 30ویں روز سی ٹی ڈی پولیس نے دو بڑے متحرک کریمنل گینگز لنڈ اور دولانی کو اسلحہ سپلائی کرنے والا کرئیر گرفتار کرلیا، عبدالخالق سیکنڈ کرئیر کے طور پر آپریٹ کررہا تھا۔
انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں دو راکٹ لانچر بھی برآمد کیے گئے ، ملزم سے دوران تفتیش اسلحہ اور گولہ بارود کی سپلائی کے حوالے سے لرزہ خیز انکشافات ہوئے ، جدید اسلحہ اور بارود کی فراہمی رکنی بلوچستان سے کی جارہی ہے۔
تفتیش میں مزید انکشاف ہوا کہ اسلحہ و بارود لینے کے لیے لنڈ اور دولانی گینگز نے شرپسند رمضان بگٹی اور ستار پتافی کو بھرتی کیا ، ستار پتافی کے بھائی جاوید پتافی نے بلوچستان کے بڑے سمگلر خان مسوری بگٹی سے ڈیل کروائی۔
حکام کے مطابق خان مسوری بگٹی سے راکٹ لانچرز اور پروپیلرز خریدے گئے ، راکٹ لانچرز اور پروپیلرز رکنی سے حاجی پور اور راجن پور تک لائے گئے ، اسلحہ و بارود کی رقم ایزی پیسہ اکاؤنٹس سے منقتل ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل کے ذریعے لانچرز اور پروپیلرز کو دو مقامی کرئیرز کی مدد سے منتقل کیا گیا، گرفتار کرئیر عبدالخالق سے مزید تفتیش جاری ہے ، اسلحہ و بارود کی سپلائی چین کے دیگر کردار جلد گرفتار کرلیں گے۔