کراچی : مبینہ پولیس مقابلہ، لیاری گینگ وار کا اہم رکن ہلاک

Published On 14 June,2023 04:39 am

کراچی : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے علاقے گلشن اقبال میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

کراچی پولیس کے مطابق گلشن بلاک 6 میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت برکت علی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ملزم لیاری گینگ وار کا اہم رکن اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا اور ملزم نے چند روز قبل واردات کے دوران سکیورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھینا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ کے دوران 2 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔