ملیر: (دنیا نیوز) بھینس کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا زاہد قریشی نامی شخص دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، واقعہ کے خلاف مقتول کے ورثا اور علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں۔
ملیر بھینس کالونی کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 2 دو افراد زخمی ہوئے تھے، ڈاکوٶں کی فاٸرنگ سے زخمی ہونے والوں میں زاہد قریشی اور حاجی یونس شامل تھے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب سکھن تھانے کے باہر احتجاج پر ڈی ایس پی سکھن مذاکرات کیلئے پہنچے جہاں مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کو تین دن کا وقت دے دیا۔
پولیس حکام نے مظاہرین کو بتایا کہ ایس ایچ او سکھن کو ہٹا دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔