اوکاڑہ: (دنیا نیوز) قربانی کی کھال نہ ملنے پر ملزمان نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جسے بچاتے ہوئے متاثرہ شخص کا سسر جان کی بازی ہار گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ اوکاڑہ کے نواحی علاقے منڈی احمد آباد میں پیش آیا، ملزمان کو رنج تھا کہ متاثرہ شخص نے دوسری مسجد میں عید کی نماز کیوں پڑھی اور قربانی کی کھال ہمیں کیوں نہیں دی، ملزمان کو یہ بھی اعتراض تھا کہ بچوں کو یہاں سے ہٹا کر دوسری مسجد کیوں بھیجا۔
معمولی رنجشوں کو دل میں جگہ دے کر رب نواز، ناظم علی و دیگر نے تشدد کرکے طفیل وٹو کو قتل کر دیا، پولیس کے موقع پر پہنچنے تک ملزمان فرار ہوگئے، پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے مقدمہ کی کارروائی شروع کر دی۔