علی پورچٹھہ : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے شہر علی پورچٹھہ میں تہرے قتل کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق عید کے روز قریبی رشتہ داروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس ڈی پی او وزیر آباد کی سربراہی میں سپیشل ٹیم تشکیل دی گی تھی جس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم نعمان کو گرفتار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا جبکہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم نے جائیداد کی لالچ میں اپنے والد کو قتل کیا تھا جس کے بعد قریبی رشتہ داروں کو والد کے مقدمہ میں پیش ہونے کی رنجش پر قتل کیا۔
انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لے کر سی پی او کو ملزم کی جلد گرفتاری کی ہدایات جاری کی تھیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے ملزم کی ریکارڈ مدت میں گرفتاری پر وزیرآباد پولیس کو شاباش دی ہے۔