لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے لاہور زون نے پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر لاہور زون کی ہدایت پر ٹیموں نے پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے باہر چھاپے مار کارروائیاں کیں، ملزمان پاسپورٹ بنوانے کے لئے سادہ لوح شہریوں سے پیسے بٹور رہے تھے اور پاسپورٹ آفس کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے پاسپورٹ کے تیز تر اجراء میں ملوث تھے۔
ملزمان پاسپورٹ فیس جمع کروانے اور ٹوکن کے حصول کے لئے بھی عوام سے رقم وصول کر رہے تھے، ملزمان کو ریجنل پاسپورٹ آفس سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں محمد یامین، عبدالحفیظ، توصیف احمد، اقبال حسن، خلیل احمد، ذوالفقار علی، محمد عمران، عادل نظیر، محمد ریاض، محمد عاطف، محمد یوسف، خلیل احمد، محمد اصغر شامل ہیں۔
محمد اسلم، ثاقب منظور، اسامہ شاہد، افتخار حسین، محمد سلیم، سبحان اور منصور احمد بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔
ریجنل پاسپورٹ آفس کے کلرکس اور سکیورٹی سپروائزر کے خلاف بھی مقدمات درج کر لیے گئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز ورک کی جانب سے چھاپہ مار ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا گیا، انہوں نے ٹیموں کو پاسپورٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔