کندھ کوٹ : (دنیانیوز) سندھ کے ضلع کندھ کوٹ میں ڈاکو راج برقرار ہے ، 7بچوں سمیت 30 مغوی ڈاکوؤں کے چنگل سے آزاد نہ ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل اغوا ہونے والے مغوی عبدالرحمان جعفری کی بازیابی کیلئے لواحقین نے کرم پور انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا ، شرکاء نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا ۔
احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، دھرنے کے شرکاء نے پولیس انتظامیہ کے خلاف زوردار نعرے بازی بھی کی ۔
مظاہرین کاکہنا تھا کہ ضلع بھر میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور اغوا کی وارداتوں کے باعث شہری غیر محفوظ ہوگئے ہیں ، ڈاکو راج کے خاتمے اور امن و امان قائم کرانے میں سندھ حکومت اور سندھ پولیس مکمل ناکام نظر آ رہی ہے ۔
مظاہرین کا مزید کہناتھا کہ کندھ کوٹ پولیس نے ہمارے مغوی عبدالرحمان جعفری کی بازیابی کیلئے کوئی کارروائی تک نہیں کی ، مغوی عبدالرحمان جعفری کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے بصورت دیگر دھرنا جاری رکھا جائے گا ۔