لاہور: 6 ماہ کے دوران جیب تراشی کی 10 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ

Published On 21 July,2023 11:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں جیب تراشی کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا، گزشتہ 6 ماہ کے دوران 10 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران جیب تراشی کی 10 ہزار 766 وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل فونز سے محروم ہوئے۔

سٹی ڈویژن جیب تراشی کی وارداتوں میں پہلے نمبر پر رہا جہاں 4 ہزار 111 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، دوسرے نمبر پر صدر ڈویژن رہا جہاں پر 1910 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ سول لائن ڈویژن 1511 وارداتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

علاوہ ازیں ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 1196، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 1165 اور کینٹ ڈویژن میں 873 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

آئے روز جیب تراشی کی وارداتوں سے شہری پریشان ہیں جبکہ لاہور پولیس ایسے متحرک گینگز کو پکڑنے میں بے بس ہو کر رہ گئی ہے، سینکڑوں درخواستوں کے مقدمات تک درج نہ کیے جا سکے۔