اے این ایف کی کارروائیاں ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد ،4ملزمان گرفتار

Published On 21 July,2023 10:12 am

کراچی : (دنیانیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، چار کارروائیوں کے دوران 101 کلو منشیات برآمد کرلی گئی جبکہ 4 ملزمان گرفتارکرلیے گئے ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو مختلف کارروائیوں میں عمان اور بحرین جانے والے 3 مسافر گرفتار کرلیے گئے ، ملزمان کے پیٹ سے آئس بھرے 146 عدد کیپسولز برآمدکیے گئے ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار مُلزمان میں سے 2 کاتعلق گوجرانوالہ اور ایک کا تعلق ساہیوال سے ہے ۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ ایک اور کارروائی میں کوٹ عبد المالک ٹول پلازہ شیخوپورہ کے قریب گاڑی سے 21 کلو  600گرام افیون اور 52کلو 800گرام چرس برآمد کی گئی ، پشاور کا رہائشی مُلزم گرفتار کرلیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق زیرو لائن طورخم کے قریب غیر آباد علاقے سے پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپائی گئی 26کلو 66گرام چرس برآمدکرلی گئی ۔

ترجمان اے این ایف کراچی کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔