شہر قائد جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر، 6 ماہ میں 45 ہزار وارداتیں

Published On 22 July,2023 10:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے معاشی حب کے طور پر پہچانے جانے والا شہر کراچی جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر آگیا، سی پی ایل سی رپورٹ میں چھ ماہ کے دوران 45 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہونے انکشاف ہوا ہے۔

سی پی ایل سی کے مطابق یکم جنوری سے 30 جون تک 14 ہزار 115 موبائل فون چھینے گئے، جبکہ 6 ماہ میں 28 ہزار 886 موٹر سائیکلیں اور 1 ہزار 111 کاریں چوری ہوئیں یا چھینی گئیں۔

6 ماہ میں 70 سے زائد شہریوں کو ڈکیتی مزاحمت کے دوران قتل کیا گیا، سیکڑوں شہری ڈاکوؤں کی گولیوں سے زخمی ہوئے اور 300 کے قریب شہری مختلف پُر تشدد واقعات جن میں ذاتی دشمنی اور جھگڑے شامل ہیں قتل کر دیے گئے۔

شہر قائد کے باسیوں کا کہنا ہے کہ پولیس ان کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔