کراچی ڈیفنس میں فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی کا بھائی اور بھتیجا جاں بحق

Published On 26 July,2023 02:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کا بھائی اور بھتیجا جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمی دم توڑ گئے، مرنے والوں میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اور مقتول کا بیٹا شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے گاڑی کی ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی اور اور اطراف میں لگ بھگ دو درجن سے زائد گولیاں لگیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ابریز عباسی کے مطابق واقعے میں دو افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوئے ہیں، ایسا لگتا ہے گاڑی پر دو طرفہ فائرنگ کی گئی ہے، معجزانہ طور پر ایک شخص محفوظ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام افراد خیاباں شمشیرمیں اپنی رہائشگاہ سے نکلے تھے، امکان ہے وقوعہ میں ایک سے زائد موٹر سائیکل استعمال کی گئیں، واردات میں نائن ایم ایم اور ٹرپل ٹو رائفل استعمال کی گئی، پولیس نے جائے وقوعہ سے خول بھی اکھٹے کر لیے۔