جہلم: (دنیا نیوز ) دوہرے قتل کا ملزم فیصل پہلوان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کو دو دن قبل گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے چند دن قبل تاجر اور اس کے بیٹے کو قتل اور دو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم فیصل پہلوان کو مقدمہ میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
ملزم فیصل کی پولیس وین سے فرار کی کوشش پر پولیس کی جوابی فائرنگ سے فیصل پہلوان ہلاک ہوگیا ، ملزم فیصل پہلوان اجرتی قاتل ہے جس پر قتل اقدام قتل اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات درج تھے۔
ملزم نے غلہ منڈی میں سرعام فائرنگ سے تاجر ملک ناصر اور اسکے بیٹے ملک یامین کو قتل کیا، فائرنگ کرنے کے بعد ملزم نے تاجر کے گھر جا کر مزید دو افراد احسان اور فیصل کو شدید زخمی کر دیا تھا۔